ایک فٹبال میچ کے دوران جب خاتون کھلاڑی کا حجاب کھل گیا تو مخالف ٹیم کی لڑکیوں نے خاتون کھلاڑی کی مدد کرکے اعلیٰ مثال قائم کردی۔
سوشل میڈیا پر خواتین کے فٹبال میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں خواتین کھلاڑیوں نے نہ صرف انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی بلکہ ثابت کیا کہ دنیا میں ابھی انسانیت باقی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اردن کے شباب الورڈون کلب اور عمان کلب کی خواتین کھلاڑیوں کے درمیان فٹبال میچ جاری تھا کہ دوران میچ ایک خاتون کھلاڑی کا حجاب کھل گیا اور وہ خاتون اپنا حجاب ٹھیک کرنے کے لیے نیچے بیٹھ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ’’میرا جسم میری مرضی‘‘ مغربی فنڈ سے چلنے والی مہم
اس موقع پر ایک ایسا منظر دیکھنے میں آیا جس نے یقیناً اسٹیڈیم میں بیٹھے ہر شخص کو حیران کردیا۔ خاتون کھلاڑی کا حجاب کھل جانے کے بعد مخالف ٹیم کی لڑکیاں فوراً اپنا کھیل چھوڑ کر اس لڑکی کے گرد ڈھال بن گئیں اور اسے بے پردہ ہونے سے بچایا۔ یہ لڑکیاں اس وقت تک خاتون کھلاڑی کی ڈھال بنی رہیں جب تک کہ اس نے اپنا حجاب دوبارہ ٹھیک نہیں کرلیا۔ اس دوران میچ 30 سیکنڈ تک رکا رہا۔
اس ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک دوسرے کے مذہب اور آزادی کی عزت کرنے والے لوگ ابھی دنیا میں موجود ہیں۔
پولیٹیکل سرجن نامی ٹوئٹر ہینڈل سے اس ویڈیو کو شیئر کراتے ہوئے لکھا گیا فٹبال میچ کے دوران مسلمان لڑکی کا حجاب کھل گیا تو مخالف ٹیم کی لڑکیاں ارد گرد کھڑی ہوگئیں تاکہ لڑکی اپنا حجاب ٹھیک کرکے اپنا چہرہ ڈھانپ سکے۔’’میرا جسم میری مرضی‘‘ کہنے والی خواتین سیکھو اس شہزادی سے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فیصل حسین نے اس ویڈیو کو اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کراتے ہوئے مخالف ٹیم کی ان لڑکیوں کو داد دی جنہوں نے اپنا کھیل چھوڑ کر مسلم خاتون کھلاڑی کی مدد کی۔ فیصل حسین نے لکھا سیکھنا تو ان لڑکیوں سے ہے جنہوں نے ایک خاتون کی مرضی اور خواہش کی تعظیم کی، ہمیں بھی دوسروں کی رائے، خواہشات اور شخصیات کا احترام اور تعظیم کرنا چاہیئے۔ وزیر سائنس ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے بھی اس ویڈیو کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرایا ہے۔
یہ ویڈیو حال کی نہیں بلکہ گزشتہ برس اکتوبر کی ہے۔ اسے اوریجنلی امریکی اسپورٹس چینل ای ایس پی این نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا تھا اور اس وقت اس ویڈیو کو 87 ہزار 900 لائکس ملے تھے۔ یہ ویڈیو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک بار پھر وائرل ہورہی ہے۔
اس میچ کے دوران اردن کی شباب الورڈن کلب (ریڈ ٹیم) نے عمان کلب (گرین ٹیم) کو ایک گول سے شکست دے دی تھی۔
The post ’’میرا جسم میری مرضی کہنے والی خواتین! سیکھو اس شہزادی سے‘‘ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3aA0Fkq
via ad